لاہور میں موسلا دھار بارش، ایئرپورٹ پر 212 ملی میٹر ریکارڈ، نشیبی علاقے زیرِ آب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ کئی روز سے جاری شدید گرمی اور حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح تقریباً 4:15 بجے شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے جاری رہی۔ سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ کے علاقے میں 212 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جو شہر میں مون سون کی شدید بارشوں میں سے ایک ہے۔
دیگر علاقوں میں ریکارڈ ہونے والی بارش کے مطابق اپر مال 104 ملی میٹر، مغلپورہ 117، تاجپورہ 123، شادی پورہ 120، کاہنہ 119، مناواں 89، جوہر ٹاؤن 57، چوک ناخدا 48، اقبال ٹاؤن 47.4، گلبرگ ہیڈ آفس 40، ڈیفنس روڈ 40، نشتر ٹاؤن 32.8، سمن آباد 22، پانی والا تالاب 21، فرخ آباد 20، لکشمی چوک 16.5، سگیاں 16، جیل روڈ 12.2 اور گلشن راوی 11.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کے علاوہ قصور، گوجرانوالہ، وزیرآباد، گجرات، نارووال، شکرگڑھ، مریدکے، کامونکے، حافظ آباد اور جلال پور جٹاں سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ برقرار ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، موٹر سائیکل سواروں اور ڈرائیورز کو سڑکوں پر جمع پانی سے گزرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے دوران کھڑے پانی میں بجلی کا کرنٹ آنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، لہٰذا بجلی کی تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کے قریب جانے سے گریز کیا جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔



