جیتندرپرقسمت کی دیوی مہربان،4 لاکھ میں خریدا گیابنگلہ450 کروڑکا ہوگیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے سینئر اداکار جیتندر نے انکشاف کیا کہ انہوں نے ماضی کے اسٹار بھارت بھوشن کی مالی مشکلات کے دوران ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں واقع ان کا بنگلہ صرف 4 لاکھ 25 ہزار روپے میں خریدا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ جائیداد ان کے لیے ایک نہایت منافع بخش سرمایہ کاری ثابت ہوئی اور آج اس کی مالیت تقریباً 450 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

جیتندر کا شمار 1980 کی دہائی میں بالی ووڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا تھا۔ کامیاب فلمی کیریئر کے ساتھ ساتھ انہوں نے رئیل اسٹیٹ میں بھی دانشمندانہ سرمایہ کاری کی، جس کی بدولت وہ ممبئی کی پراپرٹی مارکیٹ میں بھی ایک نمایاں شخصیت بن گئے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں جیتندر نے بتایا کہ انہوں نے ممبئی کے معروف اور مہنگے علاقے پالی ہل میں واقع یہ بنگلہ آنجہانی اداکار بھارت بھوشن سے اس وقت خریدا تھا جب وہ شدید مالی مشکلات کا شکار تھے۔ جیتندر کے مطابق اس وقت یہ سودا انتہائی کم قیمت پر ہوا۔

میڈیا سے گفتگو میں جیتندر کا کہنا تھا کہ بھارت بھوشن اس زمانے کے بہت بڑے اسٹار تھے جنہوں نے بیجو باورا جیسی کامیاب فلمیں کی تھیں۔ ایک دن وہ میرے پاس آئے اور اپنا پالی ہِل والا بنگلہ خریدنے کی پیشکش کی۔ جب میں نے اپنے والد سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ چلو ہم بھی ایک بنگلہ خرید لیتے ہیں۔

اس وقت تک ہم انتہائی نچلے متوسط طبقے کی زندگی گزار رہے تھے۔ میں 10 بائی 20 فٹ کے ایک کمرے میں رہتا تھا جہاں ایک حصے میں 8 افراد اکٹھے رہتے تھے۔ آخرکار میں نے یہ بنگلہ 4.25 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ سب سے حیران کن بات یہ تھی کہ اسی قیمت میں 3,450 مربع فٹ کا پلاٹ بھی شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس بنگلے میں منتقل ہونے کے بعد میری مسلسل 4 فلمیں فلاپ ہوئیں۔ جس سے میں پریشان ہوا کہ کہیں میرا انجام بھی بھارت بھوشن جیسا نہ ہو۔ جس پر میں نے وہ گھر چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ یہی جائیداد ان کی زندگی کی سب سے منافع بخش سرمایہ کاری ثابت ہوئی۔

جتیندر نے کہا کہ کئی سال بعد جب ایک ڈیولپر نے اس بنگلے کی ازسر نو تعمیر کی پیشکش کی تو میں فوراً تیار ہوگیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بنگلے کی تعمیر میں استعمال ہونے والی برما ٹیک کی لکڑی ہی سے انہیں بنگلے کی اصل قیمت سے تقریباً تین گنا زیادہ رقم حاصل ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button