شراب پی کر گاڑی چلانے کا جرم قبول، ڈیوڈ وارنر کی سڈنی تھنڈرز کی کپتانی خطرے میں

سڈنی(سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بلے باز اور بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کی فرنچائز سڈنی تھنڈرز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے مقدمے میں جرم قبول کر لیا، جس کے بعد ان کی کپتانی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویورلے لوکل کورٹ میں بدھ کے روز ہونے والی سماعت کے دوران ڈیوڈ وارنر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں تھی۔ ان کے وکیل بوبی ہل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل ایسٹر سنڈے کے روز پیش آنے والے مڈ رینج ڈرنک ڈرائیونگ کے الزام کو تسلیم کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق 5 اپریل کو سڈنی کے مشرقی علاقے میں روڈ سائیڈ چیک کے دوران وارنر کو مزید جانچ کے لیے ماروبرا پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں ان کے خون میں الکحل کی مقدار 0.104 ریکارڈ کی گئی، جو مقررہ قانونی حد سے دو گنا سے بھی زیادہ تھی۔

وکیل کے مطابق ڈیوڈ وارنر نے ایک دوست کے گھر تین گلاس شراب پینے کے بعد گاڑی چلانے کا فیصلہ کیا، جس پر انہیں شدید افسوس ہے۔ انہوں نے اپنے عمل کو غلط، غیر ذمہ دارانہ اور ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے عدالت سے نرمی کی درخواست کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم وہ عام شہری کی طرح قانونی کارروائی کا سامنا کریں گے۔

عدالت اس مقدمے میں 18 اگست کو سزا سنائے گی۔ اس پیش رفت کے بعد سڈنی تھنڈرز کی قیادت بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے، جبکہ کرکٹ نیو ساؤتھ ویلز نے واقعے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ادارہ شراب پی کر گاڑی چلانے کے خلاف سخت پالیسی رکھتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button