آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026، وزیراعلیٰ بلوچستان کی طلبہ سے خصوصی نشست، قومی یکجہتی پر زور

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے 4 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سمر کیمپ کے شرکاء سے خصوصی نشست کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے چیلنجز، نوجوانوں کے کردار اور قومی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور ان کی پراکسی تنظیموں کو بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کی پشت پناہی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کو متعدد بار تنبیہات اور دوحہ معاہدے کے باوجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا چاہیے تھی، تاہم اس حوالے سے مطلوبہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور قومی اتحاد، یکجہتی، باہمی اعتماد اور نوجوانوں کی مثبت سوچ ہی ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضمانت ہے۔
خصوصی نشست کے دوران طلبہ و طالبات نے دہشت گردی، سرمایہ کاری، سمگلنگ، سوشل میڈیا اور بلوچستان سے متعلق مختلف امور پر وزیراعلیٰ سے سوالات کیے، جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ انہیں بلوچستان سے متعلق مختلف سوالات کے حقائق پر مبنی اور مدلل جوابات ملے، جبکہ ایسے مکالمے قومی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام سمر کیمپ کو نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت اقدار، قیادت کی صلاحیتوں اور قومی یکجہتی کے فروغ کی جانب ایک اہم اقدام قرار دیا گیا۔



