پی ٹی آئی کی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے مشروط

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کے معاملے پر پارٹی کی سینئر قیادت نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے آئندہ ملاقات کے دوران قائمہ کمیٹیوں میں دوبارہ شمولیت کی تجویز باقاعدہ طور پر پیش کی جائے گی، جس کے بعد پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کا فیصلہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پی ٹی آئی کے بیشتر ارکان قائمہ کمیٹیوں میں واپسی کے خواہاں ہیں۔ اس حوالے سے متعدد ارکان نے پارٹی اجلاسوں، اپوزیشن لیڈر اور سینئر قیادت کے سامنے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سینئر قیادت نے ارکان کو آگاہ کیا ہے کہ قائمہ کمیٹیوں میں واپسی یا بائیکاٹ کا اختیار ان کے پاس نہیں، بلکہ اس معاملے میں حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں ہی کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی رائے سامنے آنے کے بعد پارٹی اس معاملے پر باضابطہ مؤقف اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔



