خیبرپختونخوا میں تعلیمی منصوبوں میں تاخیر کا انکشاف، لاگت میں کروڑوں روپے اضافہ

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث منصوبوں کی تکمیل کی لاگت میں کروڑوں روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبوں میں تاخیر اور فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم نے نئی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے 6 رکنی ڈویلپمنٹ فنڈز ریلیز کمیٹی قائم کر دی ہے۔

دستاویزات کے مطابق کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران شامل ہوں گے، جو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور فنڈز کے اجرا کا جائزہ لیں گے۔

کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ ہر منصوبے کے لیے کتنے فنڈز مختص کیے گئے، اب تک کتنی رقم خرچ ہوئی اور عملی طور پر کتنی پیش رفت ہوئی۔ اس حوالے سے تیار کی جانے والی کارکردگی رپورٹ پلاننگ آفیسر کو پیش کی جائے گی۔

دستاویزات میں واضح کیا گیا ہے کہ کمیٹی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز اور اخراجات کا تقابلی جائزہ لے گی، جاری منصوبوں کے لیے درکار مزید فنڈز، واجبات اور مالی ضروریات کا بھی تعین کرے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی یہ سفارش بھی کرے گی کہ کن بنیادوں پر زیر تعمیر منصوبوں کے لیے مزید فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ ترقیاتی کام بروقت مکمل ہو سکیں اور مالی وسائل کا شفاف اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button