نیلم ویلی میں کلاؤڈ برسٹ، اچانک سیلابی ریلے سے بڑے پیمانے پر تباہی، متعدد عمارتیں اور پل بہہ گئے

نیلم ویلی(جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر کے علاقے کٹھہ پیراں میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث اچانک آنے والے شدید سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مکانات، دکانیں، مسجد، اسکول اور متعدد گاڑیاں سیلاب کی نذر ہو گئیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلے میں 6 مکانات، 16 دکانیں، ایک مسجد اور ایک مڈل اسکول کی عمارت مکمل طور پر بہہ گئی، جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کٹھہ پیراں کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا، جس سے علاقے کا تعلیمی انفراسٹرکچر متاثر ہوا ہے۔

فلیش فلڈ کے باعث ایک کیری وین، دو جیپیں، 11 موٹر سائیکلیں اور 6 لکڑی کے پل بھی سیلابی ریلے میں بہہ گئے، جس سے آمدورفت کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور حتمی رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔

انتظامیہ اور امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button