شہید علی خامنہ ای کا جنازہ انسانی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ قرار

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور جلوسِ جنازہ میں 4 کروڑ سے زائد افراد نے شرکت کی، جسے انہوں نے انسانی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق نائب وزیر داخلہ برائے سکیورٹی و قانون علی اکبر نے کہا کہ عالمی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق نجف، کربلا، قم، مشہد اور تہران سمیت مختلف شہروں میں ہونے والی آخری تقریبات اور جلوسوں میں مجموعی طور پر کروڑوں افراد شریک ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کی غیر معمولی شرکت ایران کی قیادت کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی عکاس ہے، جبکہ حکومتی امور معمول کے مطابق جاری ہیں۔
نائب وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت کی سرگرمیاں سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ہدایات کے مطابق جاری رکھی جا رہی ہیں اور ریاستی ادارے اپنے فرائض معمول کے مطابق انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی حکام کی جانب سے جنازے میں شریک افراد کی تعداد 4 کروڑ سے زائد بتائی گئی ہے، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔



