ورلڈ کپ فائنل دیکھنا عام شائقین کے لیے خواب بن گیا، ٹکٹ ریکارڈ مہنگے

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے)فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل ٹکٹوں کی قیمتوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ارجنٹینا اور اسپین کے درمیان ہونے والے فیصلہ کن مقابلے کے لیے آخری وقت میں بعض ٹکٹوں کی قیمت 23 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 64 کروڑ پاکستانی روپے) تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد عام شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنا تقریباً ناممکن ہو گیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فیفا کے سرکاری ری سیل پلیٹ فارم پر فائنل کے ٹکٹوں کی قیمت تقریباً 10 ہزار امریکی ڈالر سے شروع ہو کر 23 لاکھ ڈالر تک دیکھی گئی۔ میچ سے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت پہلے اس غیر معمولی اضافے نے ٹکٹوں کی قیمتوں پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے لیونل میسی اور اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال کے درمیان متوقع سنسنی خیز مقابلے نے شائقین کی دلچسپی میں بے پناہ اضافہ کیا، جس کے باعث ری سیل مارکیٹ میں ٹکٹوں کی قیمتیں ریکارڈ سطح تک جا پہنچیں۔

ہفتے کے روز فیفا کی سرکاری ویب سائٹ پر فائنل کا کوئی ٹکٹ دستیاب نہیں تھا، جبکہ ری سیل پلیٹ فارم پر محدود تعداد میں موجود ٹکٹ انتہائی مہنگی قیمتوں پر فروخت کے لیے پیش کیے گئے۔

ورلڈ کپ 2026 کے دوران شائقین کی دلچسپی غیر معمولی رہی اور گروپ مرحلے کے 72 میں سے نصف سے زائد میچز مکمل طور پر ہاؤس فل رہے، جبکہ بیشتر دیگر مقابلوں میں بھی صرف چند نشستیں ہی خالی رہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی بلند قیمتوں کی ایک وجہ **”سلو ٹکٹنگ”** حکمت عملی بھی ہے، جس کے تحت منتظمین جان بوجھ کر محدود تعداد میں ٹکٹ جاری کرتے ہیں تاکہ طلب میں اضافہ ہو اور خریدار فوری خریداری پر مجبور ہوں۔ تاہم ناقدین کا مؤقف ہے کہ اس پالیسی کے باعث عام فٹبال شائقین کے لیے ورلڈ کپ فائنل کو اسٹیڈیم میں جا کر دیکھنا مشکل سے مشکل تر ہو گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button