پاکستان کھیلوں کی طاقت کے ذریعے اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لا رہا ہے، عاصم افتخار

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے کہا ہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل فٹبال تیار کرنے والا پاکستان کھیلوں کی طاقت کے ذریعے دنیا بھر کی اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لا رہا ہے۔

پاکستان کے مستقل مشن کے مطابق وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے یوتھ آفس اور فیفا کے اشتراک سے منعقدہ تقریب "One World, One Game, One Goal: Football as a Catalyst for Youth Mental Health and Well-being” میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

تقریب کے دوران نوجوانوں کی ذہنی صحت، سماجی ہم آہنگی، امن اور عالمی یکجہتی کے فروغ میں کھیلوں، بالخصوص فٹبال، کے مثبت کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل فٹبال تیار کرنے والا پاکستان اپنی کھیلوں کی صنعت کے ذریعے نہ صرف عالمی معیار کی مصنوعات فراہم کر رہا ہے بلکہ کھیلوں کو اقوام کے درمیان رابطے، ہم آہنگی اور دوستی کے فروغ کا ذریعہ بھی بنا رہا ہے۔

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نوجوانوں کی فلاح و بہبود، ذہنی صحت اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور پاکستان اس مقصد کے لیے عالمی سطح پر اپنا مثبت کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں

Back to top button