بھارت:ہزار روپے غائب ہونے پر خاتون ٹیچر کی طالبات کے کپڑے اتروا کر تلاشی

مادھوپور(جانوڈاٹ پی کے)بھارت میں ایک خاتون ٹیچر نے ہزار روپے غائب ہونے پر طالبات کے کپڑے اتروا کر تلاشی لی جس پر ٹیچر کو معطل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے علاقے سوائی مادھوپور میں واقع ایک گاؤں کے سرکاری اسکول میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر خاتون ٹیچر نے اپنے ہزار روپے گم ہوجانے پر 9 ویں اور 11 ویں جماعت کی طالبات کی تلاشی لی اور ان کے کپڑے اتروادیے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ طالبات کے ساتھ نامناسب رویے کے الزامات سامنے آنے کے بعد والدین کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور انہوں نے اسکول کا مرکزی گیٹ بند کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ تعلیم کی تحقیقات کے بعد ہندی کی سینئر ٹیچر سرسوتی مینا کو معطل کردیا گیا جب کہ اسکول کی پرنسپل کیخلاف بھی تادیبی کارروائی شروع کرنے کا خط جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب خاتون ٹیچر نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہزار روپے غائب ہوگئے تھے جس کیلئے طالبات سے پوچھ گچھ کی گئی، انہیں کپڑے اتارنے پر مجبور کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں، ایک خاتون ٹیچر ہونے کے حثیت سے میں نے صرف طالبات سے پوچھ گچھ کرنا ہی مناسب سمجھا تھا۔



