اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ، نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان دستخط

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کےلیے مالیاتی مشاورتی خدمات کے معاہدے پر نجکاری کمیشن اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان دستخط ہوگئے۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس معاہدے پر کنٹری ڈائریکٹر پاکستان ریزیڈنٹ مشن اے ڈی بی ایما فین نے دستخط کیے جبکہ ڈائریکٹر جنرل نجکاری کمیشن شاہد دایو نے پاکستان کی طرف سے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب میں مشیر اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی نے بھی شرکت کی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اے ڈی بی اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مالیاتی مشیر کے طور پر کام کرے گا۔ معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک لین دین کی جامع مشاورتی خدمات فراہم کرے گا۔
اس میں یہ بھی کہا گیا کہ تکنیکی، مالی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی مہارت پر مبنی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اے ڈی بی کی خدمات کے تحت شفاف، مسابقتی اور مارکیٹ کے مطابق نجکاری کے عمل میں سہولت فراہم ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق اس سے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے معروف آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے اسلام آباد ایئر پورٹ کی کارکردگی اور سروس بہتر کرنے کےلیے پُرعزم ہے۔



