عامرخان کا لیاری کے نوجوانوں کو عالمی معیار کی باکسنگ تربیت دینے کا فیصلہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سابق عالمی باکسنگ چیمپین عامر خان نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان سے گہرا جذباتی اور قلبی لگاؤ ہے،خواہش ہے کہ پاکستان سے بھی عالمی باکسنگ چیمپین سامنے آئیں،اسلام آباد کی طرح کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں باکسنگ اکیڈمیز قائم کر کے باصلاحیت باکسروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔

کراچی کا علاقہ لیاری کھیلوں کا گڑھ ہے، اہلیان لیاری کھیلوں خاص طور پر فٹبال اور باکسنگ سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں،لیاری میں بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے، لیاری میں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو باکسنگ کہ رموز سکھانے کے لیے بین الاقوامی معیار کی اکیڈمی قائم کروں گا، پاکستان میں انٹرنیشنل باکسنگ مقابلے بھی منعقد کرانے کا ارادہ ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سندھ حکومت کے ترجمان سردار نادر گبول اور لیاری ٹاؤن کے میونسپل کمشنر حماد این ڈی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

پاکستانی نثراد برطانوی عامرخان نے کہا کہ فیفا عالمی کپ2026 کے پہلے سیمی فائنل کے موقع پر لیاری انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں عوام کے جوش و خروش نے بہت متاثر کیا،لیاری نے عظیم کھلاڑی پیدا کیے  جنہوں نےخاص طور پر فٹبال اور باکسنگ میں  اپنے ملک و قوم کا نام روشن کیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور رکن قومی اسمبلی  سردار نبیل گبول لیاری میں کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، میں باکسنگ کا نیا ٹیلنٹ سامنے لا کر پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں،اولمپک میں باکسنگ میں سب سے زیادہ میڈلز حاصل کرنے والے ملک کاغستان کے تعاون سے پاکستان میں بہترین کوچز کی زیر نگرانی تربیت کا اہتمام کیاجائے گا۔

اسلام آباد میں قائم عامر خان باکسنگ اکیڈمی میں تین مرد اور دو خواتین کوچز تربیت فراہم کر رہے ہیں،پاکستان کے کوچز کو بین الاقوامی معیار کی تربیت کا بھی اہتمام کیا جائے گا،پاکستان کے پروفیسر انور چوہدری مرحوم  کا ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا صدر بننا ملک کے لیے بہت بڑا اعزاز تھا،پاک فوج کے اعزازی کیپٹن عامر خان نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں پاکستان آرمی کا اہم کردار ہے۔

پیپلز اسپورٹس کمپلیکس کو کھیلوں کی سرگرمیوں تک محدود کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کروں گا،پاکستان سے بہت محبت اور لگاؤ ہے،میں پیسے بناتا نہیں، لگاتا ہوں،اولمپک میں برانز میڈل جیتنے والا پاکستانی باکسر حسین شاہ ملک چھوڑ کر جاپان بھاگ گیا،میں پاکستان آکرباکسنگ کی خدمت کرتا ہوں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سد حکومت کے ترجمان سردار نادر گبول نے کہا کہ لیاری میں باکسنگ اکیڈمی قائم ہونے سے مقامی ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا،نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں سمیت کھیلوں کو تقویت دینا چاہتے ہیں،سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان کی خدمات سے استفادہ حاصل کریں گے،لیاری نے ہمیشہ اچھے کھلاڑی پیدا کیے ناروے کپ انڈر 15  فٹبال ایونٹ جیتنے والی پاکستان ٹیم کے بیشتر کھلاڑیوں کا تعلق لیاری سے ہے،سندھ حکومت باکسنگ کے فروع کے لیے عامر خان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔

کراچی پریس کلب کے صدر  فاضل جمیلی نے استقبالی کلمات ادا کیے،کلب کے سیکرٹری محمد اسلم خان نے اظہار تشکر کیا،اس موقع پر عامر خان کو سندھ کی روایتی اجرک اور ٹو پی پیس کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button