اسلام آباد ہائیکورٹ کا سخت نوٹس: شیشہ کیفوں اور ایچ آئی وی کیسز سے متعلق ڈی سی اور آئی جی طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں شیشہ کیفوں کی بڑھتی تعداد اور ایڈز و ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافے سے متعلق دائر درخواست پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

چیف جسٹس محمد سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل محمد سہیل خورشید عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شیشہ کیفوں کی تفصیلات طلب کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد میں این او سی کے ساتھ اور بغیر این او سی کے متعدد شیشہ کیفے قائم ہیں، جہاں شام سے رات گئے بلکہ صبح تک پارٹیاں جاری رہتی ہیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیرِ صحت کے بیان کے مطابق رات گئے تک جاری رہنے والی پارٹیوں کے باعث ایڈز اور ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شیشہ کیفوں کی مکمل تفصیلات طلب کی جائیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے کیفوں کے خلاف کارروائی کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا جائے۔

عدالت نے چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر اور آئی جی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

Back to top button