آپریشن شعبان میں بڑی کامیابی: مزید 3 دہشت گرد ہلاک، مجموعی تعداد 88 ہوگئی


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مشترکہ "آپریشن شعبان” بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے خلاف زمینی اور فضائی کارروائیاں کر رہی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 88 ہو گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 126 خارجی دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک بلوچستان میں آپریشن شعبان جاری رہے گا۔