نارنگ منڈی میں ہولناک حادثہ: دو مسافر بسیں ٹکرا گئیں، 5 افراد جاں بحق، 25 زخمی

نارنگ منڈی(جانوڈاٹ پی کے) کالاخطائی روڈ پر دو مسافر بسوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 25 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ سدھانوالی اسٹاپ کے قریب اس وقت پیش آیا جب لاہور سے شکرگڑھ جانے والی مسافر بس نے ایک موٹر سائیکل سوار کو بچانے کی کوشش کی، جس کے دوران وہ سامنے سے آنے والی دوسری بس سے ٹکرا گئی۔

شدید تصادم کے باعث دونوں بسیں بے قابو ہو کر سڑک سے اتر کر کھیتوں میں جا گریں، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 3 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث لاہور منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور زخمیوں کے اہل خانہ کو اطلاع دینے کا عمل بھی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button