امریکا کی ایران پر نئی پابندیاں، محدود سرگرمیوں کے لیے جنرل لائسنس بھی جاری

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے ایران سے متعلق نئی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے ساتھ ہی ایک جنرل لائسنس بھی جاری کر دیا، جس کے تحت بعض محدود سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق نئی پابندیوں کا ہدف متعدد افراد، ادارے اور بحری جہاز ہیں، جن پر ایران سے متعلق سرگرمیوں کے باعث پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
محکمہ خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جاری کردہ جنرل لائسنس کے تحت ونڈ ڈاؤن (کاروباری سرگرمیوں کے مرحلہ وار اختتام)، محدود حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی نوعیت کے لین دین کی اجازت دی گئی ہے تاکہ مخصوص معاملات کو منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے مزید بتایا کہ جنرل لائسنس 14 جولائی کو عائد کی گئی پابندیوں کے تحت شامل کارگو کو اتارنے (Unloading) کی بھی اجازت دیتا ہے، تاکہ پہلے سے روانہ ہونے والی محدود تجارتی سرگرمیوں کو مکمل کیا جا سکے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور واشنگٹن اقتصادی دباؤ کے ساتھ سفارتی و تجارتی سرگرمیوں کے لیے محدود استثنیٰ بھی فراہم کر رہا ہے۔



