پی سی بی کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیب قائم کرنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیب کے قیام کے لیے غیرملکی بائیومیکانسٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو مکینکس لیب کی تعمیر کے لیے جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے، جبکہ لیب میں جدید کیمرے، سنسرز، فورس پلیٹس اور دیگر جدید آلات نصب کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیو مکینکس لیب کی تعمیر رواں سال کے اختتام تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے، جس سے فاسٹ بولرز سمیت دیگر کھلاڑیوں کی تکنیکی جانچ اور کارکردگی میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں اس وقت کوئی جدید ریسرچ سینٹر موجود نہیں، جبکہ پرانا نظام اپنی معیاد مکمل کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے برطانیہ کی لف برا یونیورسٹی سے بات چیت جاری ہے، جو بائیو مکینکس لیب کے قیام اور تکنیکی معاونت میں پی سی بی کی مدد کرے گی۔



