بینکاک کے بار میں ہولناک آتشزدگی، 27 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

بینکاک(ویب ڈیسک) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں ایک بار میں لگنے والی شدید آگ کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
تھائی حکام کے مطابق متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فائر بریگیڈ کو پیر کی شب تقریباً 12 بجے کے بعد آتشزدگی کی اطلاع ملی، امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو بار کے مرکزی دروازے سے شعلے بلند ہو رہے تھے اور لوگ جان بچانے کے لیے چیخ و پکار کرتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ بعض افراد کے کپڑوں میں بھی آگ لگ گئی۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے جائے وقوعہ کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹرز نے تقریباً 30 منٹ کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا، تاہم اس دوران کئی افراد دھوئیں اور شدید شعلوں کی زد میں آ گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں، جبکہ 60 سے زائد زخمی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔



