تیسری شادی کے بعد عامر خان نےاپنے خاندان سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی قریبی دوست اور کاروباری شراکت دار گوری سپراٹ سے تیسری شادی کے بعد ایک اور بڑا خاندانی فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے سادگی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے اداکار اب ممبئی کے پوش علاقے پالی ہِل میں ایک ایسا رہائشی منصوبہ تیار کر رہے ہیں جہاں ان کا پورا خاندان ایک ساتھ رہ سکے گا۔
اس مقصد کے لیے عامر خان نے بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس نامی دو ملحقہ رہائشی منصوبوں کی ازسرِ نو تعمیر (Re-development) کا فیصلہ کیا ہے، جس میں انہوں نے مزید فلیٹس خریدنے کے لیے 100 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی خطیر سرمایہ کاری کی ہے۔ ان تمام اپارٹمنٹس کو یکجا کر کے ایک شاندار ‘اسکائی ولا’ تعمیر کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس نئی عمارت میں عامر خان کے بڑے بیٹے جنید خان کے لیے ایک الگ فلور مختص ہوگا، جبکہ عامر خان، ان کی نئی اہلیہ گوری سپراٹ اور ان کے بیٹے کے لیے دو منزلیں رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ عامر خان اپنی والدہ زینت حسین، بہنوں نکہت اور فرحت خان کے ساتھ ساتھ اپنی سابقہ اہلیہ کرن راؤ اور بیٹے آزاد کے لیے بھی اسی منصوبے میں رہائش کا انتظام کر رہے ہیں تاکہ سب ایک ہی عمارت میں رہ سکیں۔



