ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں دوبارہ تاریخ رقم کرنے کے لیے پرعزم، سوئٹزرلینڈ روانگی کل ہوگی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹائٹل کے دفاع کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔

ارشد ندیم نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ وہ بڑے بین الاقوامی مقابلے سے قبل تیاری کا جائزہ لینے کے لیے کل سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں ایک عالمی مقابلے میں شرکت کریں گے۔

پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں آخری ٹریننگ سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے اچھی تیاری ہو چکی ہے، تاہم بڑے ایونٹ سے قبل سوئٹزرلینڈ کے مقابلے میں شرکت کر کے اپنی تیاری اور اسٹرینتھ کا اندازہ لگانا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بڑے ایونٹ سے پہلے ایک مقابلے میں حصہ لیتا ہوں تاکہ اپنی فارم اور کارکردگی کا جائزہ لے سکوں۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ 2022 کے کامن ویلتھ گیمز کی یادیں آج بھی تازہ ہیں، جس طرح اس وقت ریکارڈ قائم کیا تھا، اب بھی اسی جذبے کے ساتھ میدان میں اتروں گا۔ انہوں نے کہا کہ چار سال سے چیمپئن ہونے کی وجہ سے ذمہ داری اور دباؤ ضرور ہے، لیکن مقصد بہترین کارکردگی دکھانا ہے۔

قومی ایتھلیٹ نے کہا کہ ان کا مقابلہ ہمیشہ خود سے رہا ہے اور اس بار بھی کوشش ہوگی کہ اپنی بہترین تھرو کریں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے کھلاڑی نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی ہے، اس لیے مقابلہ سخت ہوگا، تاہم وہ اس کے لیے تیار ہیں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ بڑے مقابلوں میں دباؤ ہمیشہ ہوتا ہے، اصل کامیابی پریشر کو کنٹرول کرنے میں ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کا اعزاز ان کے کیریئر میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا۔ ارشد ندیم نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں فٹ رکھے تاکہ وہ اسی طرح کارکردگی دکھاتے رہیں۔

مزید خبریں

Back to top button