ٹیلر سوئفٹ نے شادی کی سیکیورٹی کا خرچ خود اٹھا لیا، نیویارک پر مالی بوجھ نہیں پڑا، میئر ظہران ممدانی

نیویارک (ویب ڈیسک) نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنی شادی کے موقع پر سیکیورٹی، پولیس تعیناتی اور دیگر سرکاری اخراجات خود ادا کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریبات کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم ادا کی، جو اضافی سیکیورٹی انتظامات، پولیس خدمات اور پرمٹ سے متعلق اخراجات پر خرچ ہوئی۔

پریس کانفرنس میں میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ یہ ادائیگی تقریب کے پرمٹ اور اضافی پولیس سروسز کے لیے کی گئی، جس کے بعد شہر یا ٹیکس دہندگان پر کسی اضافی مالی بوجھ کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔

رپورٹس کے مطابق ہائی پروفائل شادی تقریب کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، اطراف کی سڑکیں بند رہیں اور پولیس کی بڑی تعداد تعینات کی گئی۔

36 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے معروف این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی سے گزشتہ ہفتے شادی کی۔ تقریب میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کے علاوہ ایک بڑی استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں تقریباً ایک ہزار مہمان شریک ہوئے۔

اگرچہ سیکیورٹی اخراجات کی تفصیلات سامنے آ چکی ہیں، تاہم شادی کی مجموعی لاگت ابھی ظاہر نہیں کی گئی۔ بعض امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریب پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر تک خرچ آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اعلان کے بعد یہ قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں کہ شادی کی سیکیورٹی کا خرچ نیویارک کے عوام یا ٹیکس دہندگان کو برداشت کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں

Back to top button