پاکستان کا پانی روکنا ’’ایکٹ آف وار‘‘ تصور ہوگا، رانا تنویر کا بھارت کو انتباہ

شیخوپورہ (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت سن لے، پاکستان کا پانی روکنے کی کسی بھی کوشش کو ’’ایکٹ آف وار‘‘ تصور کیا جائے گا۔

اپنے آبائی حلقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی بینک کی گارنٹی کے تحت پانی کا معاہدہ پاکستان کا قانونی حق ہے، عالمی سطح پر اہم فورمز بھی پاکستان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں۔

خطے کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث کشیدگی برقرار ہے تاہم جنگ کے امکانات کم ہیں۔ امریکہ، قطر اور سعودی عرب کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ایران اور دیگر ممالک کے درمیان تنازع کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل علاقائی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آزاد کشمیر کے 38 مطالبات میں سے 36 منظور کیے جا چکے ہیں اور حکومت مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، حکومت ہر صورت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بھارت اور اسرائیل پر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی کے باوجود پاکستان کی صورتحال کئی ممالک سے بہتر ہے۔ موٹروے ٹول میں اضافے کو انہوں نے سڑکوں کی دیکھ بھال کے اخراجات سے جوڑتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کو مالی خسارے کا سامنا ہے، جس کے باعث اضافی وسائل درکار ہیں۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ حکومت عوامی خدمت اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

مزید خبریں

Back to top button