امریکی قونصل خانے کے وفد کا پنجاب ای پی اے کا دورہ، سموگ خاتمے اور فضائی آلودگی کے اقدامات پر بریفنگ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) امریکی قونصل خانے کے وفد نے پنجاب ماحولیاتی تحفظ ادارے (ای پی اے) کا دورہ کیا، جہاں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفد کو سموگ کے خاتمے، فضائی آلودگی پر قابو پانے اور ماحولیاتی نگرانی کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
لاہور میں امریکی قونصل خانے کے وفد نے ای پی اے پنجاب کے کنٹرول روم کا دورہ کیا، جہاں وفد نے فضائی آلودگی کی نگرانی کے جدید نظام، ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم اور لائیو اے کیو آئی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل تھا، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کیے گئے مؤثر اقدامات کے باعث فضائی آلودگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ای پی اے کو اختیارات، وسائل اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کی، جس سے ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہوا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے سپر سیڈر مشینوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے آغاز پر پنجاب میں صرف 250 سپر سیڈرز موجود تھے، جو اب بڑھ کر 7 ہزار 500 ہو چکے ہیں، جبکہ آئندہ سال تک 15 ہزار سپر سیڈرز کسانوں کو فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سموگ فری پنجاب پروگرام کے تحت سپر سیڈر مشین کی قیمت کا 60 فیصد حکومت برداشت کر رہی ہے، جبکہ ماحولیاتی تحفظ، جنگلات اور وائلڈ لائف کے شعبوں کے لیے گزشتہ دو برسوں میں تاریخی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ پاکستان اور خطے کی پہلی کلائمیٹ چینج آبزرویٹری بھی قائم کی جا رہی ہے، جو موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی ڈیٹا کا مرکزی مرکز ہوگی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صنعتی یونٹس کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے، ای پی اے کے فیلڈ افسران کو باڈی کیمز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق لاہور کے تمام موٹرویز، مالز اور ماڈل بازاروں کو پلاسٹک فری زون قرار دیا گیا ہے، جبکہ مرحلہ وار صوبے کے تمام کمرشل بازاروں کو بھی پلاسٹک فری بنایا جائے گا۔
وفد کو بتایا گیا کہ تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں، خلاف ورزی کی صورت میں روبو کال سسٹم کے ذریعے متعلقہ افسران کو فوری اطلاع دی جاتی ہے، جبکہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے آلودگی پھیلانے والے عناصر کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
امریکی وفد نے پنجاب اے کیو آئی موبائل ایپ، ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم، آن لائن لائسنسنگ، لائیو لوکیشن مانیٹرنگ اور ونڈ ڈائریکشن و ہیٹ ویو مانیٹرنگ جیسے جدید ماحولیاتی اقدامات میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔



