لاہور میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق، قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نصیر آباد کے علاقے میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ کنیز فاطمہ مبینہ تشدد کے بعد جاں بحق ہو گئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق کنیز فاطمہ کا تعلق فیصل آباد سے تھا اور وہ گزشتہ ایک ماہ سے صوفی اعجاز کے گھر گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق بچی کے والد جاوید کا کہنا ہے کہ مالک کی بہو نے انہیں فوری طور پر لاہور پہنچنے کا کہا۔ وہ اپنی اہلیہ اور بھائی کے ہمراہ لاہور آئے تو انہیں بتایا گیا کہ ان کی بیٹی گلاب دیوی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔

والد کے مطابق ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ کنیز فاطمہ کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوٹھی مالکان نے ان کی 12 سالہ بیٹی پر تشدد کیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button