چیک باؤنس کیس: راجپال یادیو کو تین ماہ قید کی سزا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکار و کامیڈین راجپال یادیو کو دہلی ہائی کورٹ نے چیک باؤنس کیس میں تین ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے ان کی اہلیہ رادھا یادیو کو شکایت کنندہ کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے انکی سزا برقرار رکھتے ہوئے فیصلہ دیا کہ انہیں ساتوں مقدمات میں تین، تین ماہ قید کی سزا دی جائے گی، تاہم یہ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے راجپال یادیو کو اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت بھی دی ہے۔ جسٹس سورنا کانتا شرما نے سزا برقرار رکھتے ہوئے راجپال یادو کو حکم دیا کہ وہ ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 1.05 کروڑ روپے بطور ہرجانہ ادا کریں۔

اس کے علاوہ انہیں شکایت کنندہ کو 1.04 کروڑ روپے اور ریاست کو 25 ہزار روپے بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے انھیں اور انکی اہلیہ کو بھی ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 5.51 لاکھ روپے ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ راجپال یادو کی جانب سے پہلے ہی ادا کیے گئے 2.25 کروڑ روپے کو مجموعی واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کر لیا جائے گا۔

عدالت نے مقدمے کے دوران راجپال یادیو کےطرز عمل کی وجہ سے انہیں پروبیشن کا فائدہ دینے سے انکار کر دیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ ادا کریں۔ عدام ادائیگی کی صورت میں انہیں مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔

واضح رہے کہ2010 میں راجپال یادو نے اپنی فلم آٹا پٹا لاپٹا کی مالی معاونت کے لیے ایک ادارے سے 5 کروڑ روپے قرض لیے۔ تاہم فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی اور مالی نقصان کی وجہ سے یہ تنازع کئی برس تک جاری رہا۔

2018 میں ایک ٹرائل کورٹ نے چیک باؤنس کے مقدمے میں راجپال یادو کو قصوروار قرار دیتے ہوئے انہیں چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ اس دوران واجب الادا رقم بڑھ کر 9 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔

مزید خبریں

Back to top button