9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیسز: علیمہ خان، فواد چوہدری اور اعظم سواتی سمیت متعدد رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس حملے، عسکری ٹاور اور مسلم لیگ (ن) کا دفتر جلانے سمیت 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ سے متعلق متعدد مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے رہنماؤں اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے مسرت جمشید چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 5 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے پولیس کو مسرت جمشید چیمہ کی تفتیش جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ مسرت جمشید چیمہ نے 8 جبکہ جمشید اقبال چیمہ نے 4 مقدمات میں ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔
دوسری جانب، ن لیگ کا دفتر اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت دیگر مقدمات کی سماعت جج ملک عابد حسین نے کی۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اور امتیاز محمود شیخ ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کی عبوری ضمانتوں میں بھی 5 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے ن لیگ دفتر نذرِ آتش کرنے کے کیس میں عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان کی حاضری مکمل ہونے پر ان کی اور علیمہ خان کی ضمانتوں میں بھی 5 ستمبر تک توسیع کی؛ علیمہ خان کی جانب سے دائر ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست عدالت نے منظور کر لی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلا کو ضمانتوں پر حتمی دلائل پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔



