ارجنٹینا کے خلاف متنازع فیصلوں پر مصر نے میچ ریفریز کے خلاف فیفا میں باضابطہ شکایت درج کرا دی

میکسیکو(ویب ڈیسک) فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف متنازع فیصلوں پر مصر نے میچ کے ریفریز کے خلاف فیفا میں باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
مصری فٹبال فیڈریشن نے فرانسیسی ریفری فرانسوا لیٹیکسیئر اور دیگر میچ آفیشلز کو ورلڈکپ سے باہر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریفری اور وی اے آر حکام نے سنگین غلطیاں کیں اور دوہرا معیار اپنایا، جس کے باعث مصر کو ایونٹ سے باہر ہونا پڑا۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ فیفا ریفریز اور وی اے آر حکام کے خلاف تحقیقات کرے، کیونکہ کئی مواقع پر ویڈیو ریویو سے گریز کیا گیا اور واضح فیصلے مصر کے خلاف دیے گئے۔
مصری فٹبال فیڈریشن نے الزام عائد کیا کہ ٹیم کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا اور متنازع فیصلوں نے میچ کے نتیجے پر اثر ڈالا۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ کے دوران مصر کا ایک گول وی اے آر کے ذریعے مسترد کر دیا گیا تھا، جس پر مصری کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے شدید احتجاج کیا۔ مصری ٹیم کا مؤقف تھا کہ ریفری نے دور ہونے والے مبینہ فاؤل کی بنیاد پر گول منسوخ کیا۔
میچ کے آخری لمحات میں کپتان محمد صلاح اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کے درمیان تصادم کے معاملے پر بھی ریفری کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی بعض فیصلوں پر سوالات اٹھائے۔
مصری ہیڈ کوچ حسام حسن نے میچ کے دوران ریفری کے فیصلوں پر احتجاج کیا، جس پر انہیں یلو کارڈ بھی دکھایا گیا۔
بعد ازاں ارجنٹینا نے دوسرے ہاف میں تین گول اسکور کرتے ہوئے مصر کو 2-3 سے شکست دی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔



