بابر اعظم کی کپتانی سے اچھے نتائج کی امید ہے، سرفراز احمد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ ٹیسٹ کپتان بابر اعظم سے بات ہوئی ہے، امید ہے وہ ٹیم کو اچھے سے لے کر چلیں گے۔
کراچی پریس کلب میں ایسوسی ایشن اسپورٹس میڈیا الائنس (آسمان) کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کل سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، کیمپ کا مقصد فٹنس معیار کو بہتر بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کیمپ لگا تھا جس میں فٹنس کے مسائل آئے تھے جن میں سے کچھ حل کر لیے گئے تھے کچھ کل سے شروع ہونے والے کیمپ میں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم سے بات ہوئی ہے، امید ہے وہ ٹیم کو اچھے سے لے کر چلیں گے، ان کی کپتانی سے اچھے نتائج کی امید ہے۔
ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا کہ اسپورٹس ایسوسی ایشن کا قیام اچھا اقدام ہے، پہلے کی صحافت اور موجودہ جرنلزم میں بڑا فرق آگیا ہے۔ پہلے صحافی گراؤنڈ میں آتے تھے پرفارمنس دیکھ کر اس کا اظہار کرتے تھے، اب سوشل میڈیا کو دیکھ کر رائے بنائی جاتی ہے۔ کھلاڑیوں کے پرسنل ایشوز پر بات کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اسپورٹس میڈیا الائنس کھیلوں کے صحافیوں کیلئے کام کرے گی، تجربہ کار صحافیوں کی وجہ سے بہتری آئے گی، اور اچھی صحافت دیکھ کر نوجوان کھلاڑی کھیل میں آنے سے نہیں گھبرائیں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ وہ خود جب فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے تھے تو اپنی خبر کی فوٹو کاپی کروا کر موٹرسائیکل پر آئی آئی چندریگر روڈ آتے تھے اور اخبارات کے دفاتر میں اپنی خبر ڈالتے تھے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسوسی ایشن آف اسپورٹس الائنس (آسمان) کا قیام اچھا اقدام ہے۔



