ایران امریکا کشیدگی پر قطر اور چین کا اظہار تشویش، فریقین سے تحمل اور مذاکرات کی اپیل

دوحہ / بیجنگ(ویب ڈیسک) ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر قطر اور چین نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سفارتی راستہ اختیار کرنے کی اپیل کر دی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے ایران کی جانب سے کویت اور بحرین پر کیے گئے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے نقصان دہ ہیں۔
قطری وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ خطے کو بلاجواز حملوں کے اثرات سے محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ وزارت نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اپنایا جائے جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھایا جائے۔
دوسری جانب چین نے بھی ایران میں امریکی حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کو دوبارہ بھڑکانا کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائیاں بنیادی مسائل کا حل نہیں، تمام متعلقہ ممالک کو مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے اختلافات حل کرنے چاہئیں۔
چینی حکومت نے ایران اور امریکا پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، مزید کشیدگی سے گریز کریں اور مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔



