ایف آئی اے کی کارروائی، لیسکو میٹرز میں ردوبدل اور بجلی چوری کا مبینہ ماسٹر مائنڈ گرفتار


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے لیسکو کے بجلی میٹرز میں غیر قانونی تبدیلی اور ریورسنگ کرنے والے مبینہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کو لاہور میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے لیسکو کے بجلی میٹرز، میٹر ریورسنگ ڈیوائسز اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم خصوصی سافٹ ویئر اور الیکٹرانک آلات کے ذریعے بجلی میٹرز کے ریکارڈ میں غیر قانونی تبدیلیاں کر رہا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم بجلی کی اصل کھپت کم ظاہر کر کے لیسکو کو مالی نقصان پہنچانے میں ملوث پایا گیا، جبکہ برآمد ہونے والا لیپ ٹاپ میٹرز کے ڈیٹا میں ردوبدل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔