زیارت مانگی ڈیم حملہ: اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم، سکیورٹی غفلت اور آپریشنل خامیوں کا جائزہ لیا جائے گا

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) مانگی ڈیم واقعے کی تحقیقات کے لیے چیئرمین سی ایم آئی ٹی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق کمیٹی میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سینئر ڈی آئی جی پولیس اور انٹیلی جنس بیورو کے نمائندے شامل ہوں گے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق انکوائری کمیٹی دہشت گرد حملے سے قبل، دوران اور بعد کے تمام واقعات، سکیورٹی انتظامات اور اداروں کے ردعمل کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
کمیٹی سکیورٹی اداروں کی تیاری، کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام، باہمی رابطہ کاری، سکیورٹی پروٹوکولز اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لے گی۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق اگر غفلت، کوتاہی، آپریشنل خامیوں یا ذمہ داری کا تعین ہوا تو متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی مانگی ڈیم اور صوبے کی دیگر اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فوری، درمیانی اور طویل المدتی سکیورٹی اقدامات بھی تجویز کرے گی۔
شاہد رند کے مطابق مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے پالیسی، ادارہ جاتی اور آپریشنل اصلاحات بھی پیش کی جائیں گی۔
انکوائری کمیٹی کو ریکارڈ طلب کرنے، افسران کو بلانے، گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے، جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے اور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔
کمیٹی 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ حکومت بلوچستان کو پیش کرے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت یا نااہلی برداشت نہیں کی جائے گی۔



