مائیکروسافٹ کا 4800 کے قریب ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے دنیا بھر میں اپنے تقریباً 4800 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے جو کمپنی کی مجموعی عالمی افرادی قوت کا تقریباً 2.1 فی صد بنتے ہیں۔ ان برطرفیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں ایکس باکس بھی شامل ہے۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 1600 ایکس باکس ملازمین کو فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ رواں سال مزید ملازمین کی برطرفیوں کا بھی امکان ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق یہ اقدام ایکس باکس ڈویژن کی تنظیمِ نو اور کاروبار کو ازسرِنو مستحکم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
ایکس باکس کی چیف ایگزیکٹو آشا شرما نے ملازمین کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج مائیکروسافٹ کا کاروبار صحت مند نہیں ہے۔
ان کے مطابق کمپنی ایسے منافع پر کام کر رہی ہے جو اسی شعبے کی دیگر پلیٹ فارم اور پبلشنگ کمپنیوں کے مقابلے میں 3 سے 10 گنا کم ہے۔
آشا شرما نے گیمنگ انڈسٹری میں جاری ہارڈویئر بحران کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ گیمنگ کنسولز کے پرزہ جات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے نے کاروبار کو متاثر کیا ہے۔
ان کے مطابق ایکس باکس کو اس وقت سونی کے پلے اسٹیشن اور نِنٹینڈو کے سوئچ سے سخت مسابقت کا سامنا ہے جس کے باعث کمپنی کو اپنے کاروباری ڈھانچے میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔



