لاہور:کم عمر بگڑے شہزادوں کی کار ریس نے4 موٹرسائیکل سواروں کو روند ڈالا،ایک جاں بحق، 3 زخمی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے عسکری 10 میں مبینہ طور پر تیز رفتار کار ریسنگ کے باعث پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 14 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق دو گاڑیوں میں مبینہ طور پر ریس لگائی جا رہی تھی کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار بچوں کو ٹکر مار دی گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ تین زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے 14 سالہ نوجوان کی شناخت رانا سبحان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ حادثے میں ملوث گاڑی چلانے والے نوجوان کی شناخت 18 سالہ رانا حمزہ کے نام سے کی گئی ہے۔

واقعہ شام تقریباً 4 بجے پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button