خیبر پختونخوا اسمبلی ارکان کو بلیو پاسپورٹ سمیت متعدد نئی مراعات مل گئیں

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کے اختیارات، استحقاق اور مراعات سے متعلق نئے قانون کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے تحت ارکان اسمبلی کو متعدد نئی مراعات اور اختیارات حاصل ہو گئے ہیں۔
نئے قانون کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان اور ان کے شریک حیات کو تاحیات آفیشل (بلیو) پاسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، شریک حیات کو خصوصی اسمبلی شناختی کارڈ بھی جاری کیا جائے گا۔
قانون کے تحت ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر ارکان اسمبلی کو وی آئی پی لاؤنج استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، انہیں اپنی ذاتی گاڑی پر خصوصی ایم پی اے نمبر پلیٹ لگانے اور کالے شیشوں والی ذاتی گاڑی استعمال کرنے کی بھی قانونی اجازت دی گئی ہے۔
مزید برآں، ارکان اسمبلی کو سرکاری افسران کے مساوی کلب ممبرشپ کی سہولت حاصل ہوگی، انہیں جیلوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری دفاتر کے دورے، سرکاری منصوبوں اور ترقیاتی سکیموں کے معائنے کے اختیارات بھی دیئے گئے ہیں۔
نئے قانون کے تحت خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کو جسٹس آف دی پیس کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔
گزٹ نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی اسمبلی ارکان کے استحقاق، خصوصی مراعات، سفری، پروٹوکول اور انتظامی سہولیات کو قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے۔



