زیارت حملہ: دہشت گرد بلوچستان کے امن و ترقی کے دشمن ہیں، 15 دہشت گرد ہلاک، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وزیراعظم


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس چوکی پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے ایس ایچ اوز سمیت تمام پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے شہداء کی بلندیٔ درجات، مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔
شہباز شریف نے کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے اس بزدلانہ حملے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کسی کو بھی بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی، جبکہ امن دشمن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔