کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، سی ٹی ڈی نے کالعدم بی ایل اے کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا اور کالعدم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ عرف ذاکر بن کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں مبینہ طور پر کالعدم بی ایل اے کے تربیتی کیمپوں سے تربیت یافتہ ہیں اور ریکی، کمیونیکیشن اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کی خصوصی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان تنظیم کے کمانڈرز ساجد بلوچ اور بشیرزیب کی ہدایات پر کراچی میں سرگرم تھے اور حساس تنصیبات سے متعلق معلومات اپنی تنظیم کو فراہم کرتے رہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان حساس تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کے لیے دہشت گردی کا نیٹ ورک قائم کرنے میں بھی مصروف تھے۔

سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، پرائما کارڈ اور بال بیرنگ بھی برآمد کر لیے۔

حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر ارکان کو گرفتار کیا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button