لالک جان شہید کی قربانی قوم کا ناقابلِ فراموش سرمایہ، صدر اور وزیراعظم کا یومِ شہادت پر بھرپور خراجِ عقیدت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کارگل جنگ کے عظیم ہیرو، نشانِ حیدر حاصل کرنے والے حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بہادری، شجاعت اور وطن کے لیے قربانی ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم آج کارگل جنگ کے عظیم ہیرو حوالدار لالک جان شہید کی بے مثال جرأت، بہادری اور عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود شہید نے دشمن کے حملوں کو ناکام بنایا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
صدر نے کہا کہ لالک جان شہید کی حب الوطنی، عزم اور قربانی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ ان کی عظیم قربانی پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور دفاعِ وطن کے لیے لازوال قربانی پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے شدید حملے بھی لالک جان شہید کے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہ کر سکے، جبکہ ان کی بہادری، فرض شناسی اور شجاعت نوجوان نسل کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ افواجِ پاکستان کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کا فخر ہیں، اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



