زیارت میں دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، دو ایس ایچ اوز سمیت 9 اہلکار شہید

زیارت(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع زیارت میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
ایس پی زیارت کے مطابق حملہ کچ مانگی فیز تھری کے علاقے میں قائم پولیس چوکی پر کیا گیا، جہاں گزشتہ رات سے دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔
پولیس حکام کے مطابق شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین، ایس ایچ او کواس صحبت خان اور دیگر سات پولیس اہلکار شامل ہیں، جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
واقعے کے بعد شہید اہلکاروں کی لاشیں ضلعی ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں، جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکام نے عزم ظاہر کیا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔



