حوالدار لالک جان شہید کی قربانی قوم کا ابدی فخر، دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر کے عظیم اعزاز سے سرفراز بہادر سپوت حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے شجاعت، بہادری اور حب الوطنی کی لازوال داستان رقم کی۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید کی بے مثال قربانی پر پوری قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔ انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور دفاعِ وطن کی ایک روشن مثال قائم کی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ حوالدار لالک جان شہید اور وطن کے دیگر تمام شہداء پاکستان کی شان اور حقیقی محافظ ہیں۔ اگلے مورچوں پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے اس عظیم سپاہی نے غیر معمولی جرات، بہادری اور وطن سے وفاداری کی اعلیٰ ترین مثال قائم کی، جسے قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ حوالدار لالک جان شہید اور ملک کے تمام شہداء کے اہلِ خانہ کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے امن، خودمختاری اور استحکام کے لیے شہداء کی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ حوالدار لالک جان شہید کی داستانِ شجاعت رہتی دنیا تک قوم کے لیے باعثِ فخر اور ملکی تاریخ کا قیمتی سرمایہ رہے گی، جبکہ نشانِ حیدر کے یہ عظیم وارث پاکستان کے عسکری وقار، قومی خودمختاری اور استحکام کی تابندہ علامت ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button