بالی ووڈ سپر اسٹار عامر خان تیسری بار رشتۂ ازدواج میں منسلک، گوری اسپرٹ سے سادگی سے شادی

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان اپنی دیرینہ دوست گوری اسپرٹ کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب ممبئی میں عامر خان کی رہائش گاہ پر نہایت سادگی اور محدود پیمانے پر منعقد ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق تقریب میں امبانی خاندان، معروف ہدایتکار اشوتوش گوواریکر سمیت فلمی دنیا کی متعدد نمایاں شخصیات نے شرکت کی، جبکہ تقریب کو نجی رکھا گیا جس میں تقریباً 100 سے 150 قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق شادی رجسٹرڈ نکاح کی صورت میں انجام پائی، جس کے بعد مہمانوں کے اعزاز میں مختصر ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

عامر خان کے بچوں جنید خان، ایرا خان اور آزاد راؤ خان نے بھی تقریب میں شرکت کی، جبکہ گوری اسپرٹ کا بیٹا بھی اس موقع پر موجود تھا۔

یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، جن سے ان کے دو بچے ہیں، تاہم 2002 میں دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔ بعد ازاں 2005 میں عامر خان نے کرن راؤ سے شادی کی، جو 2021 میں اختتام پذیر ہوئی، تاہم دونوں اپنے بیٹے کی مشترکہ پرورش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان اور گوری اسپرٹ گزشتہ 25 برس سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں، جبکہ ان کے درمیان قریبی تعلق کا آغاز تقریباً دو سال قبل ہوا۔ عامر خان نے گزشتہ برس اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر اس رشتے کو عوام کے سامنے ظاہر کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق گوری اسپرٹ نے یونیورسٹی آف آرٹس لندن سے فیشن، اسٹائلنگ اور فوٹوگرافی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button