شوبز میں واپسی؟ عمران عباس نے خاموشی توڑ دی، مداحوں کو واضح جواب دے دیا

کراچی (ویب ڈیسک) معروف اداکار عمران عباس نے شوبز میں واپسی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال ان کا کسی نئے ڈرامے میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران عباس نے بتایا کہ ان کا کوئی نیا ڈرامہ آن ایئر نہیں ہونے جا رہا کیونکہ انہوں نے حالیہ عرصے میں کسی بھی ٹی وی پراجیکٹ پر دستخط نہیں کیے۔
اداکار نے کہا کہ وہ اس وقت شوبز میں واپسی کی منصوبہ بندی نہیں کر رہے اور اپنی تمام تر توجہ کاروباری سرگرمیوں پر مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران عباس اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ موجودہ ڈراموں کے اسکرپٹس انہیں اس قدر متاثر نہیں کرتے کہ وہ دوبارہ ٹیلی ویژن پر کام کرنے کا فیصلہ کریں۔
اداکار کے حالیہ بیان کے بعد شوبز حلقوں میں یہ بحث ایک بار پھر شروع ہو گئی ہے کہ آیا عمران عباس نے مستقل طور پر اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے یا وہ محض عارضی وقفے پر ہیں۔



