عراق کا تیل برآمدات بڑھانے کا بڑا منصوبہ، نئی اسٹریٹجک پائپ لائنز پر فزیبلٹی اسٹڈیز کی منظوری

بغداد(ویب ڈیسک) عراق کی کابینہ نے ملک کی تیل برآمدی صلاحیت میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے مختلف اسٹریٹجک آئل پائپ لائن منصوبوں کی فزیبلٹی اسٹڈیز کی منظوری دے دی، جسے توانائی کے شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق بصرہ آئل کمپنی کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایک بین الاقوامی کنسورشیم کے ساتھ ابتدائی معاہدہ (Preliminary Agreement) اور نان ڈسکلوجر ایگریمنٹ (NDA) پر دستخط کرے۔ اس کنسورشیم میں امریکی اور قطری کمپنیوں سمیت متعدد بین الاقوامی شراکت دار شامل ہوں گے۔

مجوزہ منصوبوں میں بصرہ-حدیثہ-کرکوک-جیہان اور بصرہ-حدیثہ-بنیاس آئل پائپ لائن روٹس شامل ہیں، جن کے لیے تکنیکی اور مالیاتی فزیبلٹی اسٹڈیز تیار کی جائیں گی۔ ان منصوبوں سے عراق کو تیل برآمد کرنے کے نئے راستے میسر آنے کی توقع ہے۔

عراقی کابینہ نے واضح کیا ہے کہ یہ ابتدائی معاہدے کسی بھی قسم کی مالی یا قانونی ذمہ داری عائد نہیں کرتے، بلکہ ان کا مقصد صرف منصوبوں کی تکنیکی اور معاشی افادیت کا جائزہ لینا ہے۔

اس کے علاوہ بصرہ آئل کمپنی کو بصرہ-حدیثہ آئل پائپ لائن منصوبے کے لیے ایک امریکی کمپنی کے ساتھ مشاورتی خدمات کا معاہدہ کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

توانائی کے ماہرین کے مطابق یہ اقدامات عراق کی تیل برآمدی صلاحیت میں اضافے، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور خطے میں ملک کے اسٹریٹجک کردار کو مزید مستحکم بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button