کراچی میں ابر آلود موسم، بوندا باندی کا امکان، اسلام آباد میں گرمی برقرار، بالائی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی


کراچی/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں کے لیے موسم کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے کراچی میں آج ابر آلود موسم اور بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ اسلام آباد میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بوندا باندی ہونے کا بھی امکان ہے، جس سے موسم کسی حد تک خوشگوار ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام کے وقت مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، جبکہ صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
ادھر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ہے۔