5 جولائی عوامی مینڈیٹ پر حملہ تھا، جمہوریت ہی پاکستان کی ترقی کی ضمانت ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے 5 جولائی 1977 کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس روز عوام کے حقِ حکمرانی اور جمہوری نظام پر شب خون مارا گیا، جس کے اثرات سیاست، معاشرے اور قومی ترقی پر طویل عرصے تک مرتب ہوئے۔
اپنے خصوصی پیغام میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 5 جولائی ہمیں آئین کی بالادستی، جمہوری تسلسل اور عوام کے حقِ رائے دہی کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے تلخ تجربات نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی صرف جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی، جو پاکستان کی جمہوری تاریخ کا روشن باب ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی علمبردار رہی ہے، جبکہ پارٹی کے قائدین اور کارکنان نے جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے وژن کے مطابق جمہوری روایات کے فروغ، آئینی بالادستی اور عوامی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



