اوپن اے آئی کی ٹرمپ انتظامیہ کو 5 فیصد حصص دینے کی مبینہ پیشکش

لندن(جانوڈاٹ پی کے)مصنوعی ذہانت کی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے مبینہ طور پر امریکی حکومت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کو کمپنی میں پانچ فی صد حصص دینے کی تجویز پیش کی ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اس معاملے سے واقف دو افراد کا کہنا ہے کہ اوپن اے آئی نے یہ تجویز آئندہ متوقع ابتدائی عوامی شیئرز کی فروخت (آئی پی او) سے قبل حکومت کے ساتھ ممکنہ کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اوپن اے آئی نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ دیگر امریکی مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں (جن میں اینتھروپک بھی شامل ہے) وہ بھی امریکی حکومت کو اپنی کمپنیوں میں اسی نوعیت کے حصص دینے پر غور کریں۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی حکومت مختلف اہم کمپنیوں میں سرمایہ کاری یا حصص حاصل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ گزشتہ سال حکومت نے انٹیل میں تقریباً 10 فی صد جبکہ ایم پی میٹیریلز میں 15 فی صد حصص حاصل کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے باعث ممکنہ معاشی اثرات، خصوصاً ملازمتوں میں کمی کے خدشات، پر عوامی تشویش میں اضافے کے بعد اوپن اے آئی کی یہ تجویز حکومت کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے اور ریگولیٹری ماحول کو سازگار رکھنے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔

تاہم، اوپن اے آئی یا امریکی حکومت کی جانب سے اس رپورٹ پر تاحال باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button