ایکدوسرے کےساتھ کھڑے رہیں گے،ترک صدرطیب اردوان اور وزیر اعظم شہبازشریف کااعلان

انقرہ(جانوڈاٹ پی کے)ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہبازشریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہم نے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات،علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ترک صدر کا کہناتھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ہم ہمیشہ ایک دوسرے کےساتھ کھڑے رہیں گے، عالمی امن کیلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے، امن اور خوشحالی کیلئے کوششوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے، امن،ترقی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کےاقدامات قابل ستائش ہیں، تجارت،سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے سےمتعلق بھی گفتگو ہوئی، خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے متعلقہ وزارتیں قریبی روابط جاری رکھیں گی، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بزنس کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کریں گے، پاکستان اور ترکیہ خوشحال مستقبل کیلئے مل کر آگے بڑھتے رہیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ استنبول کا خوبصورت شہر ایشیا اور یورپ کو ملاتا ہے، ترکیہ پاکستان کا مضبوط اور مخلص اتحادی ہے، دونوں ملکوں کے لازوال رشتے کی ایک تاریخ ہے، اس منفرد اور تاریخی تعلق کی بنیاد ترکیہ کی جنگ آزادی کے دوران رکھی گئی، علی برادران کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ترکیہ کی جدوجہد کی حمایت کی، ترکیہ نےہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

صدر رجب طیب اردوان کی مخلصانہ حمایت سے پاکستان کو ثالثی کے کردار کا موقع ملا، امریکا اور ایران کےدرمیان مذاکراتی عمل میں ہم نے خلوص نیت سے کوششیں کیں، یہ کٹھن سفارتی مشن ہرگز آسان نہیں تھا، اللہ کےفضل سے جنگ بندی ہوگئی، اب ضروری ہے کہ امن کےموقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، نئے امکانات کو دوطرفہ تعاون اور علاقائی خوشحالی کیلئے استعمال کرنا ہے۔

آج ترکیہ کا صنعتی منظرنامہ مکمل طور پر تبدیل ہو چکا ہے، صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، امریکا اور ایران کے صدور نے پاکستان کی ثالثی میں ایم او یو پر دستخط کیے، ترکیہ کے تجربات اور کامیابیوں سے استفادہ چاہتے ہیں، ڈسکوز کی نجکاری اور ٹرانسمیشن سسٹم کی بہتری کیلئے ترکیہ کےتجربات سےفائدہ اٹھاناہے، توانائی اور متبادل توانائی کے شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔

وقت کےساتھ بزنس ٹو بزنس تعاون مزید موثر ہوگا، جب پاکستان پر جنگ مسلط ہوئی تو ہم نے اپنی خودمختاری اور وقار کا دفاع کیا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کو وہ جواب دیا جو تاریخ کاحصہ ہے، اس مشکل وقت میں ترکیہ،سعودی عرب اور دوست ملکوں نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی، ترکیہ اور پاکستان صرف دوست نہیں،حقیقی بھائی اور خاندان کی طرح ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے، پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور شراکت داری وقت کےساتھ مزید مستحکم ہوگی، تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے رکاوٹوں کو دور کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button