ایل پی جی مافیا بے لگام، سرکاری نرخ 241 روپے مگر مارکیٹ میں 550 روپے فی کلو تک فروخت، شہری سراپا احتجاج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں ایل پی جی کی من مانی قیمتوں نے شہریوں اور رکشہ ڈرائیوروں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخ 241 روپے فی کلو کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی 370 سے 550 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ لاہور کے بیشتر علاقوں میں سرکاری نرخ پر گیس دستیاب نہیں۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ مڈل مین ایل پی جی مہنگے داموں فراہم کرتے ہیں، جس کے باعث سرکاری نرخ پر فروخت ممکن نہیں رہتی۔ ان کے مطابق اصل منافع مڈل مین کما رہے ہیں، جبکہ بدنامی ریٹیلرز کے حصے میں آ رہی ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے ناجائز منافع خوری کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔

ادھر مرکزی مسلم لیگ کے ذیلی شعبے ملی رکشہ یونین نے ایل پی جی ڈیلر مافیا کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اوگرا کے مقررہ نرخ 241 روپے فی کلو پر ایل پی جی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

قرطبہ چوک پر رکشہ ڈرائیوروں نے ایل پی جی سلنڈر رکھ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں ایل پی جی 450 سے 500 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے، جس سے رکشہ ڈرائیوروں اور عام شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ایل پی جی ڈیلر مافیا کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ملی رکشہ یونین کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ پنجاب بھر تک وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button