ٹنڈوباگو میں پانی کی قلت،بدامنی،کرپشن اور منشیات کیخلاف قومی عوامی تحریک کااحتجاج

ٹنڈوباگو(نامہ نگار) قومی عوامی تحریک کی مرکزی اپیل پر "متحد اور مضبوط سندھ” مہم کے تحت ٹنڈوباگو میں پانی کی مصنوعی قلت، بدامنی، کرپشن، منشیات، میرٹ کی پامالی اور سندھ کو درپیش دیگر مسائل کے خلاف اللہ والا چوک سے بدر چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت گیان چند مہیشوری، گل حسن چانڈیو، یار محمد شاہ، بلاول پٹھان اور دیگر رہنماؤں نے کی، جبکہ بدر چوک پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ، بالخصوص ضلع بدین میں پانی کی مصنوعی قلت کے باعث آبادگار شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ بدامنی، منشیات کی کھلے عام فروخت، کرپشن، نقلی بیجوں کی تجارت، غیر مقامی آبادکاری، میرٹ کی پامالی، کاروکاری اور سرکاری ملازمتوں کی مبینہ فروخت عوام کے لیے سنگین مسائل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناقص حکمرانی کے باعث سندھ کے وسائل اور حقوق مسلسل متاثر ہورہے ہیں، جبکہ مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت فوری طور پر ختم کرکے آبادگاروں کو ان کا جائز حصہ فراہم کیا جائے، نقلی بیجوں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، امن و امان بحال کیا جائے، کرپشن کا خاتمہ کرکے سرکاری اداروں میں میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، غیر مقامی آبادکاری روکی جائے اور سندھ کے وسائل و حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گمشدہ پریا کماری، اجالا پروین اور غمشاد چانڈیو کو فوری بازیاب کراکے ان کے ورثا کو انصاف فراہم کیا جائے۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کے عوام کو درپیش مسائل فوری طور پر حل نہ کیے گئے تو قومی عوامی تحریک "متحد اور مضبوط سندھ” مہم کے تحت اپنی احتجاجی تحریک کو مزید تیز کرے گی۔



