کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں گر گئی، 40 افراد جاں بحق

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیانی علاقے دانا سر میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور دشوار گزار علاقے کے باوجود امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ بلوچستان کے قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے تصدیق کی کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 ہوچکی ہے، جبکہ 8 زخمی زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری بس کے کچھ مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی ولی کاکڑ کے مطابق ریسکیو اہلکار متاثرین کو نکالنے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امدادی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد حتمی اعداد و شمار جاری کیے جائیں گے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ژوب شیرانی شاہراہ پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو زخمیوں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔



